راولپنڈی: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا بھر میں عالمی امن کیلئے فوج دینے والا بڑا ملک ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان میں بھی اقوام متحدہ کا یوم امن بھرپور انداز میں منایا جاتا ہے کیونکہ پاکستان قیام امن کیلئے سب سے نمایاں اور مسلسل تعاون کرنے والا ملک ہے ۔ دنیا میں قیام امن کیلئے پاک فوج کے بے شمار جوانوں نے اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے جس کا اعتراف تمام ممالک کرتے ہیں ۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے امن مشن کے ساتھ پاکستان کا سفر 1960 میں شروع ہوا ۔ پاکستان نے 1960 کانگو میں اقوام متحدہ کی کارروائیوں میں اپنا پہلا دستہ تعینات کیا ۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 46 امن مشنوں میں حصہ لیا ہے ۔ امن مشنز میں کچھ انتہائی چیلنجنگ مشن بھی شامل ہیں ۔
خیال رہے کہ دنیا بھر میں اقوام متحدہ کا یوم امن منایا جارہا ہے ۔