لاہور: وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے شیخ رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ باس ، زرداری صاحب کی منت ترلے کرتا ہے تو چپڑاسی دھمکیاں دیتا ہے ۔ باس اور چپڑاسی دونوں بنارسی ٹھگ اور سیاست کے رنگ باز ہیں ۔
اپنے بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ 11 جماعتوں نے سیاسی بدروحوں کے علاج کی ذمہ داری مجھے دی ہے ۔ خونی فساد دم دبا کر بھاگ گیا ۔ مہنگائی کا طوفان لانے والے اب عوام کے غضب سے بچنا چاہتے ہیں ۔ دھمکیاں دینے والے اب منتیں ، ترلے اور واسطے دے رہے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسروں کے بچوں کو سڑک پر بے آسرا چھوڑ کر دونوں میدان سے بھاگ گئے ۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا تھا کہ ایک ووٹ کی اکثریت اور آئی ایم ایف کی خیرات کیساتھ اس حکومت کا چلنا مشکل ہے ۔ عمران خان گھر بیٹھ جائے تو یہ 11 اتحادی پارٹیاں ایک ماہ بھی اکٹھی نہیں چل سکتیں ۔
انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی کا جو طوفان آنے والا ہے حکومت عوامی غیظ و غضب سے نہیں بچ سکتی ۔ ملک وہاں پہنچ گیا جہاں سے چلانا سیاسی پارٹیوں کے بس کی بات نہیں ۔
شیخ رشید نے کہا کہ لوگوں کے گھر میں صرف بھوک ان کا انتظار کر رہی ہے ۔ ان میں تباہ حال معیشت کو بچانے کی کوئی صلاحیت نہیں ۔ آج بھی یہ مال بنانے ، کیس بچانے اور گھر جانے کیلئے آئے ہیں ۔ یہ نیب ، اے این ایف اور ایف آئی اے میں اپنے افسر لگائیں گے ۔ یہ کیس ختم کرائیں گے اور گھر چلے جائیں گے ۔