دبئی: وزیراعظم پاکستان عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری چارٹرڈ طیارے سے دبئی پہنچ گئے ہیں جن کا کہنا ہے کہ میں پیر کے روز واپس آؤں گا۔
تفصیلات کے مطابق ذلفی بخاری اپنے تین قریبی دوستوں کے ساتھ دبئی کے المکتوم ائیرپورٹ پر پہنچے اور اس حوالے سے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ دبئی میں ہفتہ وار چھٹی پر ہوں اور پیر کے روز پاکستان واپس آؤں گا۔ انہوں نے مزید لکھا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ’جنگجو‘ اور قیاس آرائیاں کرنے والا میڈیا بھی وقفہ لے سکتا ہے۔
واضح رہے کہ ذلفی بخاری نے رنگ روڈ سکینڈل میں نام آنے پر عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا اور وزیراعظم عمران خان سے اپنا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کی پیشکش بھی کی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم سے درخواست کی ہے کہ رنگ روڈ سکینڈل کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے ججز کی نگرانی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جائے۔
ذلفی بخاری کا کہنا تھاکہ رنگ روڈ معاملے میں میرا نام نہیں لیا گیا بلکہ یہ کہا گیا کہ ڈاکٹر توقیر شاہ کا ایک ہی رشتہ دار حکومت میں ہے، اور وہ میں ہوں، ڈاکٹر توقیر شاہ میری والدہ کے فرسٹ کزن ہیں، میں اپنی پوری زندگی ملک سے باہر رہا ہوں وہ یہاں رہتے ہیں، فیملی تعلقات اچھے ہوں یا برے، مناسب نہیں کہ ٹی وی پر بتایا جائے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ بریف کیس پکڑوں گا اور بھاگ جاؤں گا، جب سے پاکستان آیا ہوں یہ الزام ہے کہ بریف کیس پکڑ کر بھاگ جاؤں گا، مجھے ای سی ایل پر ڈالیں میں کہیں نہیں جانے والا ، انکوائری پوری کریں، نہ میں نوازشریف ہوں کہ مجھے باہر جانا ہے۔