وزیراعظم کا پاکستان کی جوہری صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار

07:15 PM, 29 May, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کی جوہری صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی میں سٹریٹجک فورسزکمانڈ نیوکلیئر فیسیلٹی کا دورہ کیا۔ چیئرمین جوئنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے وزیراعظم عمران خان کا استقبال کیا۔ ڈی جی ایس پی ڈی لیفٹیننٹ جنرل ندیم ذکی منج بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وزیراعظم کو پاکستان کے سٹریٹجک پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، وزیراعظم نے ایس پی ڈی کے تمام سائنسدانوں اور عملے کی انتھک محنت کی تعریف کی۔

عمران خان نے پاکستان کی جوہری صلاحیتوں پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قومی دفاع کومضبوط بنانے کے لئے ایس پی ڈی کا کردار اطمینان بخش ہے۔

اس سے قبل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صرف ایک سال کے عرصے میں 4 ہزار ارب روپے کا ٹیکس اکھٹا کرلیا گیا ہے، یہ تاریخی سنگ میل عبور کرنے ہر ایف بی آر کی شاباش دیتا ہوں۔

وزیراعظم نے مزید بتایا ہے کہ جولائی 2020 سے مئی 2021 تک ایف بی آر نے 4 ہزار 143 ارب روپے کا ٹیکس جمع کیا، ٹیکس محصولات گزشتہ سال کے مقابلے میں 18 فیصد زیادہ ہیں، یہ سنگ میل حکومت کی معاشی پالیسیوں کے باعث معیشت کی بحالی کا عکاس ہے۔

مزیدخبریں