لاہور: خاتون اوّل بشریٰ بی بی نے صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں شیخ ابو الحسن شاذلی لائبریری کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق خاتون اول شیخ ابوالحسن شازلی ریسرچ سنٹر پہنچیں تو ریسرچ سنٹر میں آڈیٹوریم، لائبریری اور کانفرنس روم کا دورہ کیا اور خدمت خلق کے سفر میں فرح خان بھی ان کے ہمراہ موجود تھیں۔
وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ نے لاہور میں شیخ ابوالحسن شازلی لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس ریسرچ سینٹر میں اسلام ، صوفی ازم ،مذہبی افکار ،رواداری ، سائنس و ٹیکنالوجی اور جدید علوم پر تحقیق کی جائے گی۔
خاتون اول اس سے پہلے بھی مختلف شہروں میں قائم پناہ گاہوں ، لنگر خانوں ، دارالامان اور چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے انتظامات میں نمایاں بہتری کےلئے کوشاں رہی ہیں۔ خدمت خلق کے اس سفر میں ان کی دست راست فرح خان بھی ہمیشہ ان کے ساتھ رہیں۔
وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ سیاست سے دور اور سماجی سرگرمیوں میں ہمیشہ دل و جاں سے شریک ہیں اور خاتون اول غریبوں، مسکینوں اور محتاجوں کے لیے درد دل رکھنے والی خاتون ہیں انہیں جب بھی موقع ملا انہوں نے معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کا درد بانٹنے کی کوشش کی۔ ستمبر 2018ء میں نجی ٹی وی کو اپنے انٹرویو میں خاتون اول نے اپنے جذبات کا کھل کر اظہار کیا تھا
وزیراعظم کی اہلیہ کا کہنا تھا کہ پہلے عبادت ان کی ترجیح تھی لیکن عمران خان سے ملنے کے بعد یہ بات سیکھی کہ عبادت کے ساتھ انسانیت کی خدمت بھی بہت ضروری ہے۔
خاتون اول نے انسانیت کی خدمت کا صرف زبان سے اظہارنہیں کیا بلکہ عملی طور پر اس مظاہرہ بھی کیا عمران خان کے وزیراعظم بننے کے بعد انہوں نے یکم ستمبر 2018 کو لاہور میں دارالشفقت کا دورہ کیا۔ انہوں نے نہ صرف یتیم بچوں کےلیے کھانے کا اہتمام کیا، بلکہ خود بھی ان کے ساتھ کھایا اس موقع پر ان کی دوست فرح خان بھی ان کے ہمراہ تھیں ۔