اسلام آباد: موسمیات کے ماہرین نے اگلے پانچ سالوں کے دوران دنیا کا درجہ حرارت مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق دنیا میں 2025 کے اختتام تک گرم ترین سال کا نیا ریکارڈ بننے کا امکان 90 فی صد ہے۔اس کے علاوہ ماہرین نے موسمیاتی تبدیلی اور گرم درجہ حرارت کے باعث خوفناک سمندری طوفانوں اور گلیشیئر پگھلنے سے سیلابوں کی بھی پیش گوئی کی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بحر اوقیانوس میں آئندہ برسوں میں جنم لینے والے سمندری طوفان زیادہ خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال شمالی نصف کرہ ارض پر خشکی کے زیادہ تر حصوں میں درجہ حرارت حالیہ عشروں کے مقابلے میں ایک اعشاریہ چار ڈگری فارن ہائیٹ زیادہ ہو گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکہ کے جنوب مغربی حصوں میں خشک سالی اس برس بھی جاری رہے گی۔ماہرین کا ماننا ہے کہ گرم درجہ حرارت کی وجہ ٹیکنالوجی کے شعبے میں ترقی کی رفتار ہے۔ان کا کہنا ہے کہ بڑھتا ہوا درجہ حرارت ہمارے لیے یہ انتباہ رکھتا ہے کہ ہمیں زیادہ سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔