سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی کورونا کا پھیلاؤ کم ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب

سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی کورونا کا پھیلاؤ کم ہوگا، وزیراعلیٰ پنجاب
کیپشن: Image Source: File Photo

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی کورونا کا پھیلاؤ کم ہوگا، یہ مرض ہماری زندگیوں میں آ چکا ہے، اب احتیاط سے ہی زندگی بسر کرنا ہوگی۔


تفصیلات کے مطابق،  وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدار سے صوبائی وزرا ڈاکٹر یاسمین راشد اور میاں محمود الرشید کی ملاقات ہوئی جس میں ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج معالجے کی سہولتوں اور آئندہ کے لائحہ عمل پر بات چیت کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے جاری کردہ ایس او پیز پر موثر انداز میں عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائرس پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے۔ سماجی فاصلے برقرار رکھنے سے ہی بیماری کا پھیلاؤ کم ہوگا۔ کورونا ہماری زندگیوں میں آ چکا ہے، اب احتیاط سے ہی زندگی بسر کرنا ہوگی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ محکمہ صحت کو ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے گئے ہیں۔ عوام کی صحت سب سے زیادہ عزیز ہے۔ حکومت نے مریضوں کو گھروں میں آئسولیشن میں رہنے کی اجازت دے دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر وہ اقدام کر رہے ہیں جس سے بیماری کا پھیلاؤ کم سے کم ہو۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر یاسمین راشد نے کورونا کی روک تھام کیلئے کئے جانیوالے اقدامات اور علاج معالجے سے آگاہ کیا۔ سیکرٹری سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اور میڈیکل ایجوکیشن بھی اس موقع پر موجود تھے۔