پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے کا امکان ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا

پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے کا امکان ہے، ڈاکٹر ظفر مرزا
کیپشن: Image Source: File Photo

اسلام آباد:  معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے عوام کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے کا امکان ہے۔


تفصیلات کے مطابق ، اسلام آباد میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کورونا کے مزید 2 ہزار 636 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے بتایا کہ پاکستان میں 35 فیصد مریض مکمل صحتیاب ہو چکے ہیں تاہم ابھی تک ملک بھر میں 64 ہزار کنفرم کیسز موجود ہیں۔ پاکستان میں 24 گھنٹے میں 57 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا  کہ اس وقت ملک بھر میں 157 لوگ وینٹی لیٹرز پر ہیں جن کی تعداد میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اس وجہ سے پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات بڑھنے کا امکان ہے۔

گزشتہ روز سرکاری ٹیلی وژن کو دیئے گئے انٹرویو میں ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کی تشخیصی ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کیا گیا ہے، یہی وجہ ہے کہ اس وائرس سے متاثرہ زیادہ تر کیسز سامنے آ رہے ہیں۔

ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا کہ حکومت کورونا وائرس کی روک تھام کیلئے کئے گئے تمام فیصلوں پر صوبائی حکومتوں کو اعتماد میں لے رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتوں کو اس مہلک وائرس پر سیاست کرنے کی بجائے اس کے پھیلاؤ کی روک تھام کیلئے اقدامات تجویز کرنے چاہئیں۔

معاون خصوصی نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے مقررہ ضابطہ کار پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں جس میں سماجی فاصلہ برقرار رکھنے، ہاتھ ملانے سے گریز، ماسک اور دستانے پہننے جیسے اقدامات شامل ہیں۔