وقار یونس نے سوشل میڈیا کو چھوڑ دیا

09:10 AM, 29 May, 2020

لاہور: سابق کپتان اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے باولنگ کوچ وقار یونس نے سوشل میڈیا چھوڑ دیا جس کی وجہ انہوں نے اپنا ٹوئٹر اکاؤنٹ کا ہیک ہونا بتایا ہے۔


وقار یونس نے ایک وڈیو پیغام جاری کیا ہے، جس میں ان کا کہنا ہے کہ مجھے بہت افسوس کے ساتھ کہنا پڑ رہا ہے کہ کسی ﷲ کے بندے نے میرا ٹوئٹر اکاؤنٹ ہیک کر لیا ہے اور اس سے ایک انتہائی نازیبا ویڈیو کو بھی لائیک کیا گیا ہے۔

وقار یونس نے مزید کہا کہ ایسا ہونا انکے اور اہل خانہ کے لئے بڑی افسوسناک، تکلیف دہ اور شرمناک بات ہے۔ ایسا کرنے والے شخص نے پہلے بھی میرا اکاؤنٹ ہیک کیا۔ یہ شخص تو باز نہیں آئے گا لیکن میں نے فیصلہ کر لیا ہے، آئندہ سوشل میڈیا استعمال نہیں کروں گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں سمجھتا تھا کہ سوشل میڈیا ایک دوسرے سے رابطہ کرنے کا ذریعہ ہے، لیکن اب اسے استعمال نہیں کروں گا۔ اگر کسی کو تکلیف ہوئی ہو تو میں معذرت چاہتا ہوں۔

مزیدخبریں