اٹلس ہنڈا کے بعد از ٹیکس منافع میں نو ماہ کے دوران 26.3 فیصد کمی

اٹلس ہنڈا کے بعد از ٹیکس منافع میں نو ماہ کے دوران 26.3 فیصد کمی


اسلام آباد : سال 2018ءکے آخری نو ماہ کے دوران اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 26.3 فیصد کی کمی واقع ہوئی ہے۔

کمپنی کے مالیاتی اعداد وشمار کے مطابق اپریل تا دسمبر 2018ءکے لئے کمپنی کا خالص منافع 2514 ملین روپے رہا ہے جبکہ اپریل تا دسمبر 2017ءکے دوران اٹلس ہنڈا لمیٹڈ نے 3412 ملین روپے کا بعد از ٹیکس منافع کمایا تھا۔ اس طرح سال 2017ءکے آخری 9 مہینوں کے مقابلہ میں گزشتہ سال 2018ءکے اسی عرصہ کے دوران کمپنی کے بعد از ٹیکس منافع میں 898 ملین روپے یعنی 26 فیصد سے زائد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کے بعد از ٹیکس منافع میں 26 فیصد سے زائد کی کمی کے نتیجہ میں کمپنی کی فی حصص آمدن بھی 33 روپے کے مقابلہ میں 24.31 روپے فی حصص تک کم ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق اپریل تا دسمبر 2017ءدوران کمپنی نے 7 لاکھ 93 ہزار 728 موٹر سائیکلز تیار کئے تھے جبکہ اپریل تادسمبر 2018ءکے دوران اٹلس ہنڈا لمیٹڈ کی موٹر سائیکلوں کی پیداوار 8 لاکھ 55 ہزار 845 یونٹس تک بڑھ گئی۔

اس طرح موٹر سائیکلز کی پیداوار میں 62 ہزار 117 یونٹس یعنی 7.8 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا ہے۔ پیداوار میں اضافہ کے باوجود کمپنی کے خالص منافع میں 26.3 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔