ممبئی :بالی وڈ اداکارہ انوشکا شرما نے ہدایت کار راج کمار ہیرانی کی فلم ’سنجو‘ میں ایک مختصر لیکن اہم کردار ادا کیا، جس کے انداز کا پہلا پوسٹر بھی ریلیز کردیا گیا ہے۔
انوشکا شرما کو اس فلم میں نہایت منفرد اسٹائل میں پیش کیا گیا، تاہم ابھی تک یہ نہیں بتایا گیا کہ وہ فلم ’سنجو‘ میں کس کا کردار نبھا رہی ہیں۔
راج کمار ہیرانی نے انوشکا شرما کے پوسٹر کو شیئر کرنے کے ساتھ مداحوں کو ان کے کردار کا اندازہ لگانے کو بھی کہا، جبکہ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وہ کل فلم کے ٹریلر ریلیز کے موقع پر ان کے کردار کا انکشاف کریں گے۔
اس کو پڑھیئے:کرن جوہر نے فلم میں "ماں " کے کردار کیلئے کرینہ کپور ’کو منتخب کر لیا
اس پوسٹر میں انوشکا شرما کے ساتھ ساتھ رنبیر کپور بھی موجود ہیں، جو فلم سنجو میں سنجے دت کا مرکزی کردار ادا کرتے نظر آئیں گے ، خیال رہے کہ فلم ’سنجو‘ سنجے دت کی زندگی پر مبنی فلم ہے، جس میں موجود کرداروں کے پوسٹرز راج کمار ہیرانی ایک کے بعد ایک کرکے شیئر کررہے ہیں۔
اس سے قبل وہ فلم سے رنبیر کپور سمیت پریش راول، سونم کپور، وکی کوشل اور اب انوشکا شرما کا پوسٹر شیئر کرچکے ہیں۔ان کے علاوہ فلم میں دیا مرزا اور منیشا کوئرالا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گی، جن کے پوسٹرز اب تک سامنے نہیں آئے۔
خیال رہے کہ انوشکا شرما راج کمار ہیرانی کے ساتھ فلم ’پی کے‘ میں کام کرچکی ہیں، جس نے ریلیز کے بعد کئی ریکارڈز توڑے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم ’پی کے‘ میں رنبیر کپور اور سنجے دت دونوں نے ہی مختصر کردار ادا کیے تھے ، فلم ’سنجو‘ رواں سال 29 جون کو سینما گھروں میں پیش کی جائے گی۔