لندن: برطانیہ کے سکیورٹی کے وزیر بن ویلیس نے کہا ہے کہ انٹرنیٹ کمپنیوں پر انتہا پسندی پر مبنی مواد ہٹانے کے لیے مزید دباؤ برھانے سمیت مختلف اقدامات پر غور کیا جارہا ہے۔
برطانوی حکومت ماضی میں یہ شکایت کرچکی ہے کہ ٹیکنالوجی کمپنیاں انتہا پسندانہ نظریے کی تشہیر اور مشتبہ جنگجوؤں کے درمیان برقی مراسلت کو روکنے کے لیے مناسب اقدامات نہیں کررہی ہیں۔ بن ویلیس نے برطانوی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ہم مختلف امکانات پر غور کررہے ہیں۔ جرمنوں نے ایک بہتر تجویز پیش کی ہے، ابھی ہمیں یہ یقین تو نہیں ہے کہ یہ قابل عمل بھی ہے لیکن ہم ان کمپنیوں پر مختلف دباؤ ڈال سکتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ہمارے خیال میں وہ کمپنیاںٞ اپنے پاس موجود ٹیکنالوجی کی بدولت ان انتہا پسندوں ٞکے مواد کو تبدیل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے ایک ایشو پوسٹ کیے گئے مواد کو آن لائن موجود اسی طرح کے مواد سے مربوط بنانا ہے۔
بن ویلیس نے کہا کہ بعض کمپنیاں اس معاملے میں مشکل میں تھیں لیکن اس بات کے بھی ثبوت ملے ہیں کہ بعض دوسری کمپنیاں اپنے کام کو بہتر بنانے پر غور کررہی تھیں۔