عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کو رہا نہیں کر سکتی: خاور قریشی

عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کو رہا نہیں کر سکتی: خاور قریشی

اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کے معاملے پر پاکستان کے وکیل خاور قریشی نے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف کلبھوشن یادیو کو رہا نہیں کر سکتی وہ اپنے انجام کو ضرور پہنچے گا۔ کلبھوشن یادیو بھارتی جاسوس ہے اس لئے اسے کہیں نہیں جانے دیں گے بلکہ عبرت ناک انجام تک پہنچائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت انصاف پاک بھارت کے درمیان کلبھوشن کے معاملے پر اپنا مثبت کردار تو ادا کر سکتی ہے لیکن وہ کلبھوشن کو کسی صورت رہا نہیں کر سکتی جبکہ اس معاملے پر ہونے والی پیشرفت اور پاکستانی موقف کی وضاحت کے لئے وزارت خارجہ تفصیلی بیان جاری کرے گا۔


یاد رہے پاکستان کی جانب سے بھارتی جاسوس کو پھانسی کی سزا سنانے کے بعد بھارت نے 10 مئی کو کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف عالمی عدالت انصاف سے رابطہ کر کے پاکستان پر ویانا کنوینشن کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا تھا

 15 مئی کو درخواست پر پہلی سماعت کے دوران بھارت نے عالمی عدالت انصاف سے استدعا کی تھی کہ پاکستان کو کلبھوشن کی سزائے موت کو معطل کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں کیونکہ اس فیصلے سے کلبھوشن کے بنیادی حقوق مجروح ہوئے ہیں۔ تاہم 18 مئی کو عالمی عدالت نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کی سزائے موت کے خلاف بھارت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا ہے کہ حتمی فیصلہ آنے تک کلبھوشن کو پھانسی نہیں دی جا سکتی۔

بھارتی درخواست پر فیصلہ عالمی عدالت انصاف کے جج رونی اَبراہم نے سنایا جس میں انہوں نے پاکستان کا اعتراض مسترد کرتے ہوئے حکم امتناع جاری کر دیا اور کہا کہ عالمی عدالت اس معاملے کی سماعت کا اختیار رکھتی ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں