دبئی: متحدہ عرب امارات کے وزیرمملکت برائے خارجہ امورانور قرقاش نے قطر سے بنا اس کا نام لیے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی ذمے داریوں کو پورا کرے اور اس برتاو کو بھی تبدیل کرے جس نے خلیجی ممالک کو نقصان پہنچایا ہے۔ قرقاش کے نزدیک یہ ایک سنگین خطرے کا حامل فتنہ ہے جس کو ختم کیا جانا چاہیے۔
گزشتہ روز اپنی ٹوئیٹس میں قرقاش کا کہنا تھا کہ خلیج تعاون کونسل کے رکن ممالک شدید بحران سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس فِتنے کی سرکوبی برتا ومیں تبدیلی ، اعتماد کے قیام اور اعتبار کی واپسی میں پوشیدہ ہے۔قرقاش کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے ممالک کا امن و استحکام اور مستقبل ایک دوسرے کے ساتھ مربوط ہے۔تاہم ایسا نظر آتا ہے کہ قطر کے کان پر ابھی تک جوں بھی نہیں رینگی ہے۔
خلیجی ممالک کے غیض و غضب کے بعد لگتا ہے کہ دوحہ نے اپنے اختیار کو باور کرانے کی ٹھان لی ہے۔ اس سلسلے میں امیرِ قطر اور ایرانی صدر کے درمیان رابطہ ہوا جس میں شیخ تمیم نے تہران کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا بھرپور اظہار کیا۔