ملک میں سخت گرمی،تربت میں درجہ حرارت ، 54 سے زیادہ ریکارڈ

03:32 PM, 29 May, 2017

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: ملک کے بیشتر علاقے سخت گرمی کی لپیٹ میں ہیں اور رمضان کے دوران بھی بجلی کی مسلسل لوڈشیڈنگ کی وجہ سے روزے داروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے جبکہ محکمہ موسمیات نے گرمی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔سندھ ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب میں جھلسا دینے والی گرمی نے قیامت ڈھا رکھی ہے، کئی علاقوں میں درجہ حرارت 48 ڈگری سے بھی تجاوز کرگیا ہے جب کہ تربت سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں پیر کو بھی ریکارڈ توڑ گرمی رہی،دوسری جانب طویل دورانیے کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے زندگی کو اجیرن بنادیاہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق دن ایک بجے تک سب سے زیادہ گرمی تربت میں رہی ہے جہاں پیر کوبھی درجہ حرارت 54 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہا۔ اس کے علاوہ بہاول نگر میں درجہ حرارت 45، بہاولپور میں 46، بنوں میں 44، چکوال میں 41، ڈی جی خان اور ڈی آئی خان میں 45، دادو میں 49، دال بندین میں 47 ، اسلام آباد میں 41، لاہور میں 40 ، لاڑکانہ 48 اور جیکب آباد میں 49 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ کراچی میں پارہ 36 ڈگری تک ہی پہنچا ہے لیکن محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں آج  گرمی میں مزید اضافے کا امکان ظہار کیا ہے اور پارہ 40 ڈگری کو بھی چھو سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ اگلے دو روز کے دوران ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم شدید گرم اور خشک رہے گا، خصوصا ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، ڈی آئی خان، پشاور، بنوں، سکھر، لاڑکانہ،شہید بینظیر آباد، حید رآباد، میرپور خاص، مکران، سبی اور نصیر آباد ڈویژن میں شدید گرمی پڑے گی۔ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر میں بعض مقامات پر تیز ہواوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔

مزیدخبریں