اسلام آباد: صدر آزاد جموں وکشمیر سردار محمد مسعود خان نے قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں زیر حراست شہید ہونے والے سبزار احمد بٹ اور اس کے ساتھیوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قابض فوجیوں نے بارہ مولہ اور پلوامہ ضلعوں میں حزب کے کمانڈر اور اس کے ساتھیوں کو گرفتار کرنے کے بعد شہید کر کے بد ترین ریاستی دہشتگردی کا مظاہرہ کیا ہے۔
ایک بیان میں صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سبزار احمد بٹ اور ساتھیوں کی بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف جدوجہد کو کشمیری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی اور انہیں خراج عقیدت پیش کرتی رہے گی۔ صدر آزاد کشمیر نے سبزار بٹ شہید اور ساتھیوں کی تدفین اور جنازے میں لوگوں کو شرکت سے روکنے کے لیے قابض افواج کی طرف سے طاقت کے اندھا دھند استعمال کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام کو سات لاکھ بھارتی قابض افواج کا سامنا ہے۔ جس کا وہ دلیری اور جراتمندی سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سبزار بٹ برہان مظفر وانی کشمیر کے بہادر سپوت تھے۔ جنہوں نے تازہ خون دیکر کشمیریوں کی تحریک آزادی میں نئی روح پھونکی ہے۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ بھارتی قابض افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم کا ارتکاب کر رہی ہیں۔ کشمیری نوجوانوں کی حق خود ارادیت کے لیے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ اور کشمیری قوم اپنی جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوگی۔ بھارت زیادہ دیر تک ظلم و بربریت کی بنیاد پر کشمیریوں کو غلام نہیں رکھ سکتا۔ صدر سردار مسعود خان نے کہا کہ سبزار احمد بٹ آزادی کا متوالہ اور شہید ہے۔ جیسے کشمیری قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سبزار بٹ کو گرفتار کر کے بعد اپنے کالے قوانین کے تحت اسے کسی عدالت میں پیش کرتا لیکن قابض فوجیوں نے جعلی مقابلے میں شہید کر کے دوسرے آزادی پسندوں کو دھمکانے کی کوشش کی کہ آزادی کا نعرہ بلند کرنے والے کو اس طرح بیدردی سے قتل کر دیا جائے گا۔