وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ون روڈ ون بیلٹ میں بھارت شریک نہیں ہوا، وہ حسد اور جلن کی آگ میں جل رہا ہے ۔ون روڈ ون بیلٹ منصوبے سے کئی ممالک مستفید ہوں گے اور سی پیک اس کا حصہ ہے۔
یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی میں پاکستان ریلویز میں سی پیک کے منصوبوں پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبے میں خطے کی تقدیر بدل دے گا جسے چین لیڈ کرے گا ، روس بھی اس منصوبے کا حصہ بن گیا ہے لیکن بھارت جلن اور حسد کا شکار ہے ۔
سی پیک میں ریلوے کے منصوبے پر انہوں نے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم ایل ون منصوبے کے تحت کراچی سے خیبر تک ریل ٹریک کو ڈبل کیا جائے گا،جس سے ٹرینوں کی تعداد 170جب کہ ٹرین کی رفتار 160کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی جس سے ریلوے ترقی کی منازل طے کرے گی ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز ایک قومی اثاثہ ہے ماضی کی حکومتوں نے اس پر توجہ دینے کی بجائے لوٹ مار کا بازار گرم کیا تاہم ہم اسے ترقی یافتہ ممالک جیسی ریل سروس بناے میں کوئی کسر نہیں اٹھا رکھیں گے۔ ہم نے ایسا نظام بنا دیا جس سے ہماری بعد آنے والی حکومت بھی ان منصوبوں کو آگے لیکر چلیں گی۔