لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے دسویں سیزن کے لیے لاہور قلندرز نے جنوبی افریقہ کے معروف کوچ رسل ڈومینگو کو اپنا نیا ہیڈ کوچ نامزد کر دیا ہے۔
فرنچائز کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، رسل ڈومینگو ڈیرن گف کی جگہ لیں گے، جنہوں نے ذاتی وجوہات کے باعث اپنی ذمہ داریاں سنبھالنے سے معذرت کر لی تھی۔
رسل ڈومینگو کا شمار تجربہ کار کوچز میں ہوتا ہے، جو اس سے قبل جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش کی قومی کرکٹ ٹیموں کے ہیڈ کوچ بھی رہ چکے ہیں۔ اپنے ویڈیو پیغام میں رسل ڈومینگو نے کہا کہ وہ لاہور قلندرز کے ساتھ کام شروع کرنے اور کھلاڑیوں و مینجمنٹ سے ملنے کے لیے بے حد پُرجوش ہیں۔
فرنچائز کے سی ای او، ثمین رانا نے کہا کہ رسل ڈومینگو کی لاہور قلندرز فیملی میں شمولیت خوش آئند ہے، اور ان کی کوچنگ ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری لائے گی۔
پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز اپنی مہم کا آغاز 11 اپریل کو راولپنڈی میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے خلاف کرے گی۔