کوئٹہ میں کانگو وائرس کی تصدیق، مریض اسپتال منتقل

08:47 PM, 29 Mar, 2025

کوئٹہ: بلوچستان میں رواں سال کانگو وائرس کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق، متاثرہ مریض کی عمر 18 سال ہے اور اس کا تعلق ضلع پشین سے ہے۔

متاثرہ نوجوان کو دو روز قبل ناک اور منہ سے خون آنے کی شکایت پر اسپتال لایا گیا تھا۔ ابتدائی طبی معائنے کے بعد خون کے نمونوں کو ٹیسٹ کے لیے بھیجا گیا، جن کی رپورٹ میں کانگو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ماہرین کے مطابق کانگو وائرس عموماً مویشیوں کی کھال سے چپکی چیچڑیوں کے ذریعے انسانوں میں منتقل ہوتا ہے۔ یہ چیچڑیاں زیادہ تر گائے، بیل، بکری، بھینس، اونٹ، دنبے اور بھیڑ وغیرہ کی کھال میں پائی جاتی ہیں۔ چیچڑی کے کاٹنے کے بعد وائرس متاثرہ شخص کے جسم میں داخل ہو جاتا ہے۔

کانگو وائرس سے متاثرہ مریض کے جسم سے خون کا اخراج شروع ہو جاتا ہے، جو بعض اوقات جان لیوا بھی ثابت ہوتا ہے۔ طبی ماہرین نے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مویشیوں کے ساتھ براہ راست رابطے سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزیدخبریں