بھارت اقلیتی حقوق کے تحفظ میں ناکام:پاکستان کا بھارت کے اقلیتی حقوق پر ردعمل

 بھارت اقلیتی حقوق کے تحفظ میں ناکام:پاکستان کا بھارت کے اقلیتی حقوق پر ردعمل

اسلام آباد:پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھارتی وزیر خارجہ سبرامنیم جے شنکر کے لوک سبھا میں کیے گئے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتی حقوق کا علمبردار بننے کا اہل نہیں ہے کیونکہ وہ خود اقلیتی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مرتکب ہو چکا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں اقلیتی کمیونٹیز کے حقوق کے حوالے سے ہونے والی زیادتیاں ایک سنگین مسئلہ بن چکی ہیں اور بھارت کی حکومت ان معاملات میں مکمل طور پر ناکام رہی ہے۔ پاکستان نے یہ بھی واضح کیا کہ بھارت میں اقلیتیوں کے خلاف نفرت، تشدد اور امتیازی سلوک کو حکومتی سرپرستی حاصل ہے، جس کی مثالیں مختلف واقعات میں ملتی ہیں۔

پاکستان نے بھارت کو یاد دلایا کہ ملک میں اقلیتی حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اس کا ریکارڈ ماضی میں داغدار رہا ہے، جن میں گجرات قتل عام، دہلی فسادات اور بابری مسجد کے انہدام جیسے واقعات شامل ہیں۔ پاکستان نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنی ناکامیوں کو تسلیم کرے اور اپنے اقلیتیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کرے۔