کراچی : کراچی کے علاقے کورنگی میں آئل ریفائنری کے قریب لگنے والی خوفناک آگ پر کئی گھنٹوں بعد بھی قابو نہیں پایا جا سکا۔ فائر بریگیڈ کی 10 گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق، آگ کی ابتدائی وجہ گیس پائپ لائن میں لگی آگ کو قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اصل وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم آگ کے باعث قریبی علاقوں میں دھواں پھیل چکا ہے جس سے مقامی رہائشیوں کو مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔ آگ پر قابو پانے کے بعد ہی مکمل نقصان کا اندازہ لگایا جا سکے گا۔
فائر بریگیڈ حکام نے آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا ہے اور بتایا ہے کہ شہر بھر سے ٹینڈر طلب کیے گئے ہیں۔ پولیس نے تصدیق کی ہے کہ آگ آئل ریفائنری سے دور واقع ہے، جبکہ سوئی سدرن کا عملہ بھی موقع پر پہنچ چکا ہے۔
فائر آفیسر محمد ظفر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پانی پھینکنے کے باوجود آگ دوبارہ اُڑ کر واپس آ رہی ہے، جس سے آگ کو بجھانے میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایس ایس جی سی کے عملے کو طلب کر لیا گیا ہے، اور مٹی پھینکنے کے لیے ڈمپر یا ہیلی کاپٹر کی ضرورت پڑ سکتی ہے۔
دوسری جانب، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے چیف فائر آفیسر سے رابطہ کر کے ہدایت کی ہے کہ آگ پر فوری طور پر قابو پایا جائے۔