اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف کو امریکی صدر جوبائیڈن نے خط لکھا ہے۔ وزیراعظم کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کو امریکی صدر کا یہ پہلا خط ہے۔
خط میں امریکی صدر نے نو منتخب حکومت کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔امریکی صدر کا کہناہے کہ دونوں ممالک کے عوام میں شراکت داری، سلامتی یقینی بنانے میں نہایت اہم ہے۔اہم چیلنجز سے نمٹنے کیلئے امریکاپاکستان کے ساتھ کھڑاہے۔
امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔ پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ دنیا اور خطے کو درپیش وقت کے اہم ترین چیلنجز کا سامنا کرنے میں امریکا پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
امریکی صدر نے کہا کہ صحت عامہ کا تحفظ، معاشی ترقی اور سب کے لئے تعلیم مشترکہ وژن ہے جسے مل کر فروغ دیتے رہیں گے۔ امریکا پاکستان گرین الائنس فریم ورک سے ماحولیاتی بہتری کے لئے ہم اپنے اتحاد کو مزید مضبوط کریں گے۔ پائیدار زرعی ترقی، آبی انتظام اور 2022 کے سیلاب کے تباہ کن اثرات سے بحالی میں پاکستان کی معاونت جاری رکھیں گے ۔
امریکی صدر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ مل کرانسانی حقوق کے تحفظ اور ترقی کے فروغ کے لئے پرعزم ہیں۔ دونوں اقوام کے درمیان استوارمضبوط پارٹنرشپ کو تقویت دیں گے ۔ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان استوار قریبی رشتے مزید مضبوط بنائیں گے۔