نئی دہلی: سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے آئندہ انتخابات کے سلسلے میں سابقہ بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کا نام بطور امیدوار تجویز کردیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئندہ لوک سبھا انتخابات میں حیدرآباد سے آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم)کے سربراہ اسد الدین اویسی کے مدمقابل کانگریس پارٹی ثانیہ مرزا کو انتخابی دنگل میں اتارنے پر غور کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ ثانیہ مرزا کے انتخابات میں حصہ لینے کے حوالے سے خبریں اس وقت گردش کرنے لگیں جب گزشتہ روز کانگریس سنٹرل الیکشن کمیٹی (سی ای سی)نے چار ریاستوں گوا، تلنگانہ، یوپی اور جھارکھنڈ سے اپنے 18 امیدواروں کے ناموں کی منظوری کے لیے اجلاس منعقد کیا تھا۔
اس اجلاس میں ثانیہ مرزا کا نام بھی زیر غور لایا گیا،رپورٹس کے مطابق آئندہ انتخابات میں امیدوار کے لیے ثانیہ مرزا کا نام سابق بھارتی کرکٹ کپتان اور کانگریس رہنما محمد اظہر الدین نے تجویز کیا ہے۔