سینٹ انتخابات: پی ٹی آئی رہنماؤں کے کاغذات منظوری کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

01:39 PM, 29 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما مراد سعید، اعظم سواتی، فیصل جاوید، اظہر مشوانی اور خرم ذیشان کے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کے خلاف درخواستوں پر سماعت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور فریقین سے یکم اپریل تک جواب طلب کرلیا۔

پشاور ہائیکورٹ میں سینیٹ الیکشن کیلئے مراد سعید اور اعظم سواتی سمیت پی ٹی کے 6امیدواروں کے کا غذات نامزدگی منظوری کرنے کے ٹربیونل کیے فیصلے کیخلاف اپیل پر سماعت ہوئی ہے، جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ اور جسٹس سید ارشد علی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے  سماعت کی۔ 

مراد سعید، اعظم سواتی، فیصل جاوید اور دیگر کے کاغذات منظوری کے خلاف درخواستیں تاج محمد آفریدی نے دائر کیں۔

درخواست میں امیدواروں پر 9مئی کے مقدمات میں نامزدگی اور اثاثے چھپانے کے الزامات لگائے ہیں، عدالت نے مختصر سماعت کے بعد فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت یکم اپریل تک ملتوی کردی ۔

یاد رہے کہ ریٹرننگ افسر نے اعظم سواتی، مراد سعید اور خرم ذیشان کے کاغذات نامزدگی مسترد کیے تھے۔

بعد ازاں 22 مارچ کو پشاور کی ایپلیٹ ٹریبونل نے سینیٹ انتخابات کے لیے پی ٹی آئی رہنما فیصل جاوید کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے تھے۔ اپیلیٹ ٹریبونل نے فیصل جاوید کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے خلاف اپیل خارج کردی، فیصل جاوید کے وکیل نے کہا کہ فیصل جاوید پر اثاثے ظاہر نہیں کرنے کا غلط الزام ہے۔

25 مارچ کو پشاور کی ایپلیٹ ٹربیونل نے سینیٹ انتخابات میں جنرل اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے رہنما پاکستان تحریک انصاف اعظم سواتی کے کاغذات نامزدگی منظور کرلیے۔

اسی روز اپیلیٹ ٹربیونل نے مراد سعید کے بھی کاغذات نامزدگی منظور کیے تھے۔

مزیدخبریں