لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے ایپلٹ ٹربیونل کے سینیٹ انتخابات کےکاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے فیصلے کیخلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے زلفی بخاری کی اپیل پر سماعت کی۔عدالت نے اپیل پر الیکشن کمیشن کو کل کیلئے نوٹس جاری کر دیئے،عدالت نے اٹارنی جنرل پاکستان اور ایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو بھی نوٹس جاری کر دیئے۔
درخواست گزار کی طرف سے سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے دلائل دیئے۔
درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ آر او نے دوہری شہریت اور کاغذات کی تصدیق کی بنیاد پر کاغذات مسترد کئے، ایپلٹ ٹربیونل نے بھی حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل مسترد کی، اپیل کنندہ نے ایمبیسی سے اپنے کاغذات تصدیق کرالئے ہیں۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت ایپلٹ ٹربیونل اور آر او کے فیصلے کالعدم قرار دے۔
واضح رہے کہ 22 مارچ لاہور ہائی کورٹ کے اپیلیٹ ٹریبونل نے رہنما پاکستان تحریک انصاف زلفی بخاری کی سینیٹ انتخابات میں کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کے خلاف اپیل کو مسترد کردیا تھا۔
اس سے قبل 19 مارچ کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا سینیٹ کے انتخابات کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کرلی گئی تھی، زلفی بخاری کےکاغذات نامزدگی پر دوہری شہری کے باعث اعتراض عائد کردیا گیا تھا۔