حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے ازخود نوٹس کیس کا فیصلہ جاری

08:44 PM, 29 Mar, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان میں حافظ قرآن کو 20 اضافی نمبر دینے کے از خود نوٹس کیس میں جسٹس قاضی فائز عیسٰی کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بینچ کا فیصلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، جسٹس امین الدین، جسٹس شاہد وحید پر مشتمل خصوصی بینچ کی جانب سے کیس کا فیصلہ دو ایک کے تناسب سے جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ رولز بنائے جانے تک آرٹیکل 184 تھری کے تمام کیسز کو ملتوی کر دیا جائے۔
اکثریتی فیصلے میں کہا گیا کہ چیف جسٹس پاکستان کو خصوصی بینچ بنانے کا اختیار نہیں ہے، سپریم کورٹ کے پاس اپنے رولز بنانے کا اختیار ہے، سپریم کورٹ چیف جسٹس اور دیگر تمام ججز پر مشتمل ہوتی ہے، سپیشل بینچ میں مختلف بینچز سے ایک، ایک جج کو شامل کیا گیا، عدالتی وقت ختم ہونے کے وقت کیس سماعت کیلئے مقرر کیا گیا۔ 
فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے عوام اراکین پارلیمنٹ کے انتخاب کے وقت ان کا احتساب کرتے ہیں، اراکین پارلیمنٹ الیکشن میں عوام کو جوابدہ ہوتے ہیں، قوانین کے تحت بیورو کریسی حکومت کو جوابدہ ہوتی ہے، عدلیہ اس طرح کسی کو بھی جوابدہ نہیں ہے۔
چیف جسٹس کے پاس اختیار نہیں کہ بینچ کی تشکیل کے بعد کسی جج کو بینچ سے الگ کریں، ایک جج سپریم جوڈیشل کونسل کو جوابدہ ہو سکتا ہے لیکن جوڈیشری نہیں۔

مزیدخبریں