اسلام آباد:مستعفی وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے پہلی دفعہ وزیر اعظم عمران خان کیخلاف خاموشی توڑتے ہوئے کہا کہ بطور اتحاد ی فیصلے اعتماد میں لے کر کئے جاتے تو حالات یہاں تک نہ پہنچتے ۔
چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے مستعفی وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کی اہم ملاقات ہوئی جس میں طارق بشیر چیمہ نے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے گلے شکوے کیے ۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے طارق بشیر چیمہ کی ملاقات چیئرمین سینیٹ کے دفتر میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوئی جس میں موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو بھی ہوئی ۔
ملاقات میں طارق بشیر چیمہ کے وزیر اعظم عمران خان کے حوالے سے گلے شکوےبھی سامنے آئے جس میں ان کا کہنا تھا وزیر اعظم عمران خان نے ہمیں بطور اتحادی عزت نہیں دی،بطور اتحادی ہمیں اعتماد میں لیکر فیصلے نہیں کیے گئے ،اگر ایسا کیا گیا ہوتا تو شاید آج حالات قدرے مختلف ہوتے ۔