لاہور: وزیراعظم پاکستان عمران خان کی سابق معاون خصوصی برائے اطلاعات فرودس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) شمولیت کے حوالے سے خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں جعلی اور من گھڑت قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ سوشل میڈیا پر میرے بارے میں (ن) لگ میں شمولیت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر من گھڑت، بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔‘
سوشل میڈیا پر میرے بارے میں ن لیگ میں شمولیت کے حوالے سے گردش کرنے والی خبر من گھڑت, بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہے۔
— Dr. Firdous Ashiq Awan (@Dr_FirdousPTI) March 28, 2022
واضح رہے کہ گزشتہ روز یہ خبریں سامنے آئی تھی کہ فردوس عاشق اعوان نے پاکستان مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا ہے اور اس ضمن میں انہوں نے گزشتہ ہفتے لندن میں نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کرنے والے معروف گلوکار وارث بیگ کے ذریعے اپنا پیغام پہنچایا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ فردوس عاشق اعوان نے لندن میں مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کو پیغام بھجوایا کہ وہ (ن) لیگ میں شامل ہونا چاہتی ہیں تاہم انہوں نے سیالکوٹ میں ٹکٹ کا مطالبہ نہیں کیا۔
مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت نے فردوس عاشق اعوان کے معاملے پر 10 منٹ تک بات چیت کی لیکن انہیں ابھی کوئی یقین دہانی نہیں کروائی گئی اور اتنا ہی کہا گیا کہ اس معاملے پر مسلم لیگ (ن) پنجاب کی قیادت سے رابطہ کیا جائے گا۔