برازیلیا: برازیل کے وزیر تعلیم فنڈز کی نامناسب منتقلی کے الزامات کے بعد عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق برازیلی وزیر تعلیم نے صدر جیر بولسونارو کی درخواست پروفاقی فنڈز نامناسب طریقے سے حکومتی اتحادیوں میں تقسیم کرنے کے الزامات کی تحقیقات کے بعد استعفیٰ دے دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سابق وزیر ملٹن ریبیرو گزشتہ ہفتے ان دنوں مشکلات کا شکار ہوئے جب ایک مقامی اخبار نے ان کی ایک آڈیو ریکارڈنگ کا انکشاف کیا تھا جس میں کہا گیا تھا کہ انہوں نے حکومت کی اتحادی شخصیات کے زیر انتظام میونسپل اسکول کو فنڈنگ میں ترجیح دی ہے ۔
ملٹن ریبیرو نے برازیل کے میڈیا میں شائع ہونے والے اپنے استعفےمیں لکھا، ’میں نے صدر سے درخواست کی ہے کہ عہدے سے فارغ کر دیا جائے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ میرے طرز عمل یا وفاقی حکومت کے طرز عمل پر کسی شک کی گنجائش باقی نہ رہے ۔‘
رپورٹ کے مطابق برازیلی صدر کی جانب سے وزیر تعلیم کا استعفی ٰ قبول کر لیا گیا ہے ۔