اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے خاندان میں اختلاف سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنا مناسب نہیں، ہمارا خاندان اور جماعت ایک پیج پر ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ایک بیان میں خاندان میں اختلاف کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ جو افواہیں چل رہیں اور چلائی جا رہی ہیں، وہ غلط ہیں۔ وضاحت پر یقین نہیں رکھتا، مجھے خاندن کا سربراہ سمجھا جاتا ہے اور اب تک خاندان اور پارٹی میں جو بھی فیصلے ہوئے وہ میری مشاورت سے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارا خاندان اور جماعت ایک پیج پر ہے، حقائق کو توڑ مروڑ پر پیش کرنا مناسب نہیں، کسی ایشو پر رائے کو فیصلہ سمجھ کر پراپیگنڈہ نہیں کرنا چاہئے، ہمارے خاندان میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔ ہمارا خاندان گزشتہ 50 سالوں سے پنجاب ہی میں نہیں بلکہ پاکستان کے تمام اضلاع میں پھیلا ہوا ہے۔
چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ نوجوانوں کی تعداد موجودہ اسمبلی میں سابقہ اسمبلیوں سے زیادہ ہے اور ان پر الزام لگانا اور شک کرنا غلط بات ہے جبکہ پیسے کے لین دین کا لفظ استعمال نہیں کرنا چاہئے کیونکہ پڑھے لکھے لوگ اس بات کو پسند نہیں کرتے۔
مسلم لیگ (ق) کے صدر نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کو حاضر ناضر جان کر کہنا چاہوں گا کہ ہمارا خاندان بہت بڑا ہے لیکن تمام تر فیصلے میری مشاورت اور رضامندی کے ساتھ ہوتے ہیں۔ اختلافات کا غلط پروپیگنڈا کر کے جو لوگ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں انہیں بڑی مایوسی ہو گی۔
چوہدری شجاعت حسین کی خاندان میں اختلاف کی خبروں کی تردید
11:18 AM, 29 Mar, 2022