لاہور: چین کے شہر ووہان کا دورہ کرنے والی عالمی ادارہ صحت (W.H.O) کی ٹیم نے اپنی حتمی رپورٹ میں کورونا وائرس لیبارٹری سے پھیلنے کے امکان کو مسترد کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ووہان کا دورہ کرنے والی عالمی ادارہ صحت کی ٹیم کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کے چمگادڑ سے انسانوں میں پھیلنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں جبکہ رپورٹ میں کورونا وائرس کی ابتدا سے متعلق دیگر مفروضات پر بھی مزید تحقیق کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دسمبر 2019ءمیں پہلی مرتبہ چینی شہر ووہان میں کورونا وائرس کے کیسز رپورٹ ہوئے تھے اور یہ وائرس اب عالمگیر وباءکی صورت اختیار کرچکا ہے اور دنیا کے کئی ممالک اس وقت وباءکی تیسری لہر کا سامنا کر رہے ہیں جس میں کافی شدت بھی آ چکی ہے۔
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وائرس کے پھیلاؤ کے حوالے سے امریکہ اور بعض یورپی ممالک کی جانب سے شکوک کا اظہار کیا جاتا رہا ہے کہ کورونا وائرس ووہان میں موجود لیب سے پھیلا جبکہ اس کے ووہان کی جانوروں کی مارکیٹ سے پھیلنے کا امکان قرار دیا جاتا رہا ہے۔
عالمی ادارہ صحت کی سائنسدانوں پر مشتمل 10 رکنی ٹیم نے جنوری میں ووہان کادورہ کیا تھا اس دوران تحقیقاتی ٹیم نے وائرس کی نشوونما اور تعلق کے حوالے سے جانچ پڑتال کی اور ووہان میں مختلف مقامات کا دورہ کیا تھا اور اب اپنی رپورٹ میں اس وائرس کے لیبارٹری سے پھیلنے کے امکان کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔
عالمی ادارہ صحت نے کورونا وائرس ووہان کی لیبارٹری سے پھیلنے کا امکان مسترد کر دیا
10:21 PM, 29 Mar, 2021