ہنڈا موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں رواں سال تیسری مرتبہ اضافہ، کون سی موٹر سائیکل کتنے میں ملے گی؟

09:04 PM, 29 Mar, 2021

لاہور: معروف کمپنی ہنڈا نے رواں سال میں تیسری مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس کا اطلاق یکم اپریل سے ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق ہنڈا نے اپنی تمام موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ایک مرتبہ پھر 2000 روپے تک کا اضافہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ کمپنی کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق ہنڈا کی سی بی 150 ایف موٹر سائیکل 2000 روپے اضافے کے بعد دو لاکھ 52,900 روپے میں فروخت ہو گی۔ 
پاکستان میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی سی ڈی 70 موٹر سائیکل کی قیمت میں بھی 1,000 روپے کا اضافہ ہو گا جس کی نئی قیمت 82,900 روپے ہو گی۔ اسی طرح سی ڈی 70 ڈریم کی قیمت میں بھی ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے اور اس کی نئی قیمت 88,900 روپے ہو گی۔ 
ہنڈا پرائیڈر 100 سی سی موٹر سائیکل کی قیمت میں بھی ایک ہزار روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد یہ مارکیٹ میں ایک لاکھ 14 ہزار 500 روپے میں دستیاب ہو گی۔ کمپنی نے سی جی 125، سی جی 125ایس، ایس ای، سی بی 125ایف اور ایس ای کی قیمتوں میں 1,600 روپے کا اضافہ کیا جا رہا ہے جس کے بعد یہ ماڈلز بالترتیب ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپے، ایک لاکھ 64 ہزار 500 روپے اور ایک لاکھ 97 ہزار 500 روپے میں فروخت ہوں گے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ سال 2020ءمیں کورونا وائرس کے باعث عائد کیا گیا لاک ڈاﺅن ختم ہونے کے بعد موٹر سائیکلوں کی مانگ میں بے پناہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 سالوں میں ایسا پہلی مرتبہ ہوا کہ رسد اور طلب میں واضح فرق کے باعث صارفین تک ان کی فراہمی میں مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔ 
یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ ہنڈا کمپنی نے رواں سال میں تیسری مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے قبل جنوری میںموٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں 3,000 روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا جبکہ فروری میں 3,400 روپے تک قیمتیں بڑھائی گئی تھیں۔ 

مزیدخبریں