اسلام آباد: پاکستان میں کورونا وائرس کی تیسری لہر کی وجہ سے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے بعد صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر دفاع پرویز خٹک کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میرا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور اللہ کورونا کے تمام متاثرین پر رحم فرمائے۔
وازا مرضت فھوا یشفین
— Dr. Arif Alvi (@ArifAlvi) March 29, 2021
اور جب میں بیمار ہوتا ہوں تو وہی شفا دیتا ہے
I have tested positive for Covid-19. May Allah have mercy on all Covid affectees. Had 1st dose of vaccine، but antibodies start developing after 2nd dose that was due in a week. Please continue to be careful.
ان کا مزید کہنا تھا کہ میں نے کورونا سے بچاؤ کی پہلی ڈوز لگوائی تھی لیکن کورونا کیخلاف قوت مدافعت (اینٹی باڈیز) ویکسین کی دوسری ڈوز لگنے کے بعد پیدا ہوتی ہے جبکہ کورونا سے بچاؤ کی ویکسین کی دوسری ڈوز مجھے ایک ہفتے میں لگنی تھی۔
اپنی ٹوئٹ میں صدر مملکت نے قرآن کریم کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے کورونا سے بچاؤ کی اپیل کی ہے۔
ِخیال رہے کہ 15 مارچ کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور ان کی اہلیہ ثمینہ علوی نے اسلام آباد میں کورونا ویکسین لگوائی تھی۔
گورنر سندھ عمران اسماعیل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی وزیر دفاع پرویز خٹک کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔
Perwaiz Khatak is diagnosed with Covid positive. Get well soon PK
— Imran Ismail (@ImranIsmailPTI) March 29, 2021
واضح رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم عمران خان اور خاتون اول بشریٰ بی بی کا بھی کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد وزیراعظم عمران خان نے خود کو اپنی رہائشگاہ پر قرنطینہ کر لیا تھا۔وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز کورونا کی تیسری لہر کے حوالے سے پیغام میں کہا تھا کہ سال بھر میں احتیاط کی لیکن سینیٹ انتخابات کے دوران احتیاط نہیں کر سکا اور وائرس سے متاثر ہوا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا تھا کہ وزیراعظم کی طبیعت بہتر اور وہ ہشاش بشاش ہیں اور وزیر اعظم سے ملاقات ہوئی ہے، ان کی صحت اچھی ہے اور انہيں کورونا کی معمولی نوعیت کی علامات ہیں۔