پیپلز پارٹی نے مریم نواز کا توڑ نکال لیا، حمزہ شہباز سے روابط بڑھانے کا فیصلہ

06:12 PM, 29 Mar, 2021

لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ (ن) سے بڑھتے اختلافات کے معاملے پر نئی حکمت عملی تیار کرتے ہوئے حمزہ شہباز سے روابط بڑھانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ بلاول بھٹو بھی کہہ چکے ہیں کہ پنجاب پر حمزہ شہباز کا حق ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کی پیپلز پارٹی کے خلاف جارحانہ پالیسی انہیں لے ڈوبی۔ پیپلز پارٹی نے مریم نواز کا توڑ نکال لیا۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر کی بجائے حمزہ شہباز سے روابط بڑھانے پر غور شروع کر دیا اور اس سلسلے میں بلاول بھٹو کا جلد حمزہ شہباز سے رابطے کا امکان ہے۔

پیپلز پارٹی کے ذرائع کے مطابق حمزہ شہباز، مریم نواز کی نسبت معتدل ہی جبکہ پاکستان ڈیمو کریٹک مومونٹ (پی ڈی ایم) کی سربراہی کمیٹی میں بھی مریم کی بجائے حمزہ شہباز کو شامل کرنے کی تجویز دینے پر پیپلز پارٹی غور کرے گی۔ بلاول بھٹو یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ پنجاب پر حمزہ شہباز کا حق ہے اور مریم نواز کے سخت بیانیہ کے ساتھ چلنا مشکل ہے۔ پی ڈی ایم کے آئندہ سربراہی اجلاس میں پیپلزپارٹی اپنا موقف پیش کرے گی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ میں ضمانت کے مچلکے جمع کرانے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا تھا کہ لکیر کھچ چکی ہے اور صف بندی بھی ہو چُکی ہے لیکن مجھے افسوس ہے کہ پیپلز پارٹی نے چھوٹے سے عہدے کے لئے عوام کو نقصان پہنچایا ہے اور سب سے زیادہ اُنہوں نے اپنے آپ کو نقصان پہنچایا ہے ۔

انہوں نے مزید کہا تھا پیپلزپارٹی کو اگر یہ عہدہ چاہیے تھا تو نواز شریف سے کہ دیتے لیکن جمہوری جدوجہد کو نقصان پہنچایا گیا ۔ افسوس چھوٹے سے عہدے کے لئے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) سے ووٹ لئے اور باپ اپنے " باپ " سے پوچھے بغیر کسی کو ووٹ نہیں دیتے لیکن اگر آپ نے سیلیکٹ ہونا ہے تو عمران خان کے نقش قدم پر چلیں۔

مریم نواز نے کہا کہ پیپلز پارٹی کھل کر اعتراف کریں کہ انہوں "باپ" کے کے احکامات ماننے ہیں اور نئی صف بندی ہو گئی جبکہ اپوزیشن کی جماعت مسلم لیگ (ن) اور جے یو آئی (ف) ہے تاہم پی ڈی ایم کی شکت نہیں ہوئی بلکہ شکست ان کی ہوئی ہے جنہوں نے اصول کی قربانی دی۔

مزیدخبریں