نہر سوئز میں پھنسے جہاز کو بالآخر دن رات محنت کےبعد نکال لیا گیا ،غیر ملکی میڈیا کے مطابق مال بردار جہاز تقریبا ایک ہفتے نہر سوئز میں پھنسا رہا،جہازپھنسنے سے سینکڑوں مال بردار جہاز رک گئے تھے۔
تفصیلات کے مطابق نہر سوئز کے بیچ تقریباً ایک ہفتے سے پھنسے ہوئے بحری جہاز کو زمین کی گرفت سے آزاد کروا لیا گیا ہے،جہاز کو آزاد کروانے کیلئے سمندر کی گہرائی میں بھی کئی دن تک کھودائی کی گئی ،نہر سوئز میں پھنسے جہاز کی وجہ سے کئی مال بردار جہاز وں کی آمدو رفت رک گئی تھی ،مقامی حکام کے مطابق 400 میٹر لمبے اس بحری جہاز کو موڑ کر سیدھا کر لیا گیا ہے , نہر کے کنارے سے جہاز کا سامنے کا حصہ علیحدہ ہو گیا ہے۔
سوئز کینال میں بحری جہاز پھنسنے سے اربوں ڈالر کا نقصان ہوا، دنیا کی اہم تجارتی گزرگاہ بند ہونے سے یومیہ 9 ارب ڈالر مالیت کی تجارت متاثر ہوئی، تجارتی نقل و حمل کے نقصان کا تخمینہ 400 ملین ڈالر فی گھنٹہ لگایا گیا ہے۔
اس حوالے سے ایک ویڈیو منظرِعام پر آئی ہے جس میں جہاز کو ایک بار پھر نہر میں تیرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے تاہم بعد میں جہاز کے مالک نے بتایا کہ اب تک جہاز کا صرف رخ موڑا جا سکا ہے،نہر سوئز میں پھنسے اس جہاز کی وجہ سے جہاز رانی کی کمپنیوں کو بڑی مشکلات کا سامنا ہے ،مختلف کمپنیوں نے اپنے جہازوں کا رُخ تبدیل کر لیا جس کی وجہ سے مال پہنچنے میں تاخیر ہو رہی ہے ۔
واضح رہے مصر کی نہر سوئز میں جہاز کے پھنس جانے سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں دو گنی ہو چکی ہیں جبکہ عالمی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچ رہا ہے ،نہر سوئز میں پھنسے اس جہاز کی وجہ سے 321 جہاز اور کشتیاں بحری جہاز کے نکلنے کا انتظار کر رہی ہیں ،جاپانی بحری جہاز منگل کے روز ایشیا اور یورپ کو ملانے والے اہم تجارتی راستے نہرسوئز میں پھنسا تھا جس سے عالمی تجارت شدید متاثر ہوئی ہے ۔