کراچی: ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ محکمہ صحت سندھ چین سے ویکسین خریدنا چاہتا ہے لیکن وفاقی حکومت سندھ حکومت کو این او سی جاری ہی نہیں کر رہی۔
مرتضیٰ وہاب نے کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے خود ابھی تک کوئی ویکسین نہیں خریدی ہم چین سے منگوانا چاہتے ہیں لیکن ہمیں این او سی جاری نہیں کیا جا رہا ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے بڑے بڑے بقراط کہتے ہیں وہ سب کچھ ٹھیک کرچکے ہیں ان سے سوال کریں آپ نے ابھی تک کوئی ویکسین کیوں نہیں خریدی؟۔ چین نے بطور عطیہ پاکستان کو ویکسین دی ہے جو استعمال ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کو مثبت پیغام دینے کی ضرورت ہے۔غلط پروپیگنڈا کرکے لوگوں کو بتایا گیا کہ کورونا عام سا فلو ہے ۔ وزیراعظم کورونا سے پہلے باغ میں میٹنگ کرتے تھے جب کورونا ہوگیا تو انہوں نے بند کمرے میں میٹنگ کی ۔عام آدمی انہیں اس طرح میٹنگز کرتے ہوئے دیکھے گا تو وہ کیسے رکے گا؟ لوگوں کو اپنے عمل سے آگاہ کرکے ہی کورونا سےبچایا جاسکتا ہے ۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ پاکستان کی سب سے بڑی ٹیسٹ لیبارٹری حیدرآباد میں ہے۔ اگر کوئی شخص ٹیسٹ کرانا چاہتا ہے توہمارے لوگ ٹیسٹ کیلئے گھر پر آئیں گے ۔گزشتہ روز سندھ بھر میں 9800 ٹیسٹ ہوئے ہیں جن میں 3فیصد مثبت کیسز ہوئے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اگر ہم سختی کرتے ہیں تو یہ سازشیں شروع کردیتے ہیں۔صوبہ میں ہم ایسی سختی نہیں کرسکتے جیسی وہ کرتے ہیں۔ اسلام آباد میں بڑی شادیاں ہو رہی ہیں ۔ پنجاب میں سختی کا عالم یہ ہے سندھ کے وزرا وہاں شادیاں اٹینڈ کر رہے ہیں ۔