اسلام ۤآباد: کورونا کی تیسری لہر میں شدت کے باوجود ملک بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے۔ مہم کے دوران کورونا وائرس سے تحفظ کے لیے قواعد و ضوابط پر سختی سے عملدر آمد کیا جا رہا ہے۔
نیو نیوز کے مطابق ملک بھر میں 5 روز کے دوران 5 سال سے کم عمر تقریباً تین کروڑ بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔
پنجاب میں انسداد پولیو مہم کے دوران 2 کروڑ بچوں کو پولیو ویکسین کے قطرے پلائے جائیں گے جس میں 1 لاکھ 20 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔
سندھ میں 90 لاکھ بچوں کو پولیو مہم کے تحت پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔
خیبر پختونخوا میں 64 لاکھ بچوں کو قطرے پلائے جائیں گے۔پانچ روزہ مہم کے دوران بلوچستان میں 24 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ حفاظتی قطرے پلائے جانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
ادھر وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں 5 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شرو ع ہوگئی ہے۔36 اضلاع میں 5 سال سے کم عمر کے 2 کروڑبچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے۔ایک لاکھ 20 ہزار پولیو ورکرز مہم میں حصہ لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں انسداد پولیو کی خصوصی مہم کے دوران 100فیصد ویکسینیشن کا ہدف پورا کریں گے۔ پولیو مہم کے دوران کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔ضلع، تحصیل او رنچلی سطح پر پولیو ورکرز کے لئے حفاظتی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے فیلڈ میں موجود انسداد پولیو ٹیموں کی موثر مانیٹرنگ کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندے بھی انسداد پولیو ویکسینیشن میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔پنجاب کو پولیو فری بناناہمارا مشن ہے –