بال ٹمپرنگ : آسٹریلوی کوچ ڈیرن لہمن بھی مستعفی ہونے کیلئے تیار

10:37 PM, 29 Mar, 2018

جوہانسبرگ: آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لہمن نے چوتھے ٹیسٹ کے بعد عہدہ چھوڑنے کا اعلان کردیا۔
پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ڈیرن لہمن نے کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ ان کا بطور آسٹریلوی کوچ آخری میچ ہوگا، کھلاڑیوں کو اس طرح الوداع کہنا میری زندگی کے مشکل ترین فیصلوں میں سے ایک ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بال ٹمپرنگ کے واقعے کے بعد مجھے اور میری فیملی کو بہت تنقید کا سامنا کرنا پڑا، ان چند دنوں میں اپنے اہل خانہ سے اس معاملے پر تفصیلی بات کی ہے اور یہ فیصلہ لینے کا صحیح وقت ہے، یقیناً ٹیم کلچر کے حوالے سے میں بھی ذمہ دار ہوں۔
ڈیرن لہمن نے کہا کہ اگرچہ میں نے اس سے قبل میڈیا کو کہا تھا کہ میں مستعفی نہیں ہوں گا لیکن اسٹیو اسمتھ اور کیمرون بین کرافٹ کی وطن واپسی اور اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بعد میں نے بھی عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے، مجھے امید ہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ معاملے کا پوری طرح جائزہ لینے کے بعد عوام کا اعتماد دوبارہ حاصل کرنے کے لیے اقدامات کر سکے گا۔واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ بورڈ نے بال ٹمپرنگ کے معاملے پر ڈیرن لہمن کو کلین چٹ دے دیتے ہوئے کہا تھا کہ یہ منصوبہ وارنر، اسمتھ اور بین کرافٹ کا تھا۔

مزیدخبریں