ورون دھون کی فلم کیلئے راحت فتح علی خان کا گانا سامنے آگیا

09:03 PM, 29 Mar, 2018

ممبئی: بالی ووڈ اداکار ورون دھون کی نئی فلم ”اکتوبر“ میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی گلوکار راحت فتح علی کا ایک گانا ریلیز کر دیا گیا ، جسے راحت نے اس خوب صورتی کے ساتھ گایا ہے کہ اس میں چھپے درد کے احساس نے فلم کے ہیرو ورون دھون کو بھی رلا دیا۔
تفصیلات کے مطابق ورون کی 13 اپریل کو آ نے والی فلم’اکتوبر‘ اور اس میں شامل راحت فتح علی خان کے گانے کی خبر کے بعد تو سبھی نے ان پر نظریں جما دی ہیں۔فلم’ اکتوبر‘کا نیا گانا ریلیز کے ساتھ ہی بہت تیزی سے مقبولیت کی سیڑھیاں چڑھ رہا ہے۔ راحت علی خان کی مسحورکن آواز میں گائے گئے گانے’ تب بھی تو‘ میں موجود درد اور محبوب سے جدائی کا اظہار انتہائی خوبصورتی سے کیا گیا ہے۔ ورون دھون نے بھی دلی جذبات اور جدائی کا دکھ نہایت عمدگی سے اپنے تاثرات کے ذریعے دیکھنے والوں تک پہنچایا ہے۔

کامیڈی اور ایکشن سے اپنے فینز کے دلوں میں جگہ بنانے والے ورون دھون کا کردار’ اکتوبر‘میں ان کے پچھلے تمام کرداروں سے بالکل مختلف ہے جس میں ورون نے اپنی جاندار اداکاری سے حقیقت کا رنگ بھرا ہے۔فلم کی پاکستانی ڈسٹری بیوشن کمپنی کی عہدیدار سبینا نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ ورون دھون نے فلم میکر سجیت سرکار سے خود کو کاسٹ کرنے کی فرمائش کی تھی۔ بقول ورون دھون میں سجیت سرکار کے پاس گیا اور ان سے کہا کہ پلیز میرے لئے ایک فلم بنائیں۔ تین مہینے بعد ہی سجیت سرکار اورجوہی نے ’ اکتوبر‘کے لئے مجھے سلیکٹ کرلیا لیکن اس کردار کے لئے مجھے بہت زیادہ محنت کرنا پڑی۔

مزیدخبریں