قاہرہ: مصر کے صدر عبدالفتح السیسی 92 فیصد ووٹ حاصل کر کے دوسری مرتبہ ملک کے صدر منتخب ہوگئے ، ٹرن اوور 40 فیصد رہا ۔
تفصیلات کے مطابق پولنگ تین روز جاری رہی ، 6 کروڑ رجسٹرڈ ووٹرز میں سے 2 کروڑ 30 لاکھ نے ووٹ کاسٹ کیا ، پولنگ کے دوران ڈالے جانے والے 20 لاکھ ووٹوں کو مسترد کیا گیا جن میں منظور شدہ دو امیدواروں کے علاوہ کسی تیسرے کا نام لکھا گیا تھا۔
عبدالفتح السیسی کے مقابلے میں نسبتاً غیر مقبول موسیٰ مصطفیٰ موسیٰ میدان میں تھے جنہوں نے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مقررہ وقت ختم ہونے سے کچھ دیر پہلے ہی اپنے کاغذات جمع کرائے۔
باقی تمام وہ رہنما جنہیں عبدالفتح السیسی کا مضبوط حریف سمجھا جا سکتا تھا ، انہیں یا تو حراست میں لے لیا گیا یا وہ خود ہی انتخاب سے دستبردار ہوگئے۔
عبدالفتح السیسی نے 2013 میں سڑکوں پر بڑے پیمانے پر احتجاج کے بعد بطور آرمی چیف مصر کے پہلے آزاد انتخاب میں صدر منتخب ہونے والے اخوان المسلمون کے محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹا۔
پہلی بار 2014 میں 96 اعشاریہ 9 فیصد ووٹ حاصل کر کے صدر منتخب ہوئے تھے۔