جوہانسبرگ: جنوبی افریقہ اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ (آج) جمعہ سے جوہانسبرگ میں شروع ہوگا، جبکہ جنوبی افریقہ بلے باز ہاشم آملہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں کیریئر کے 9 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے پر امیدہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقا کو چار میچز کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل ہے۔ آسٹریلیا نے ڈربن میں کھیلے گئے پہلے میچ میں 118 رنز سے کامیابی حاصل کی تاہم جنوبی افریقا عمدہ کم بیک کرتے ہوئے اگلے دونوں ٹیسٹ بالترتیب 6 وکٹ اور 322 رنز سے جیت کر سبقت حاصل کر لی۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بلے باز ہاشم آملہ آسٹریلیا کے خلاف آخری ٹیسٹ میچ میں کیریئر کے 9 ہزار رنز مکمل کرنے کیلئے پر امید ہیں۔ ہاشم آملا کو ٹیسٹ میں 9 ہزار رنز کا سنگ میل عبور کرنے کیلئے 61 رنز درکار ہیں اور توقع ہے کہ وہ آسٹریلیا کے خلاف چوتھے اور آخری ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔
ہاشم آملہ اب تک 116 میچز میں 48.31 کی اوسط سے 8939 رنز بنا چکے ہیں جس میں 28 سنچریاں اور 39 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ ہاشم آملہ 9 ہزار رنز بنانے والے جنوبی افریقا کے تیسرے بلے باز بن جائیں گے۔ ان سے قبل جیک کیلس اور گریم سمتھ یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا اور آخری ٹیسٹ میچ (آج) جمعہ سے جوہانسبرگ میں شروع ہوگا۔