فیس بک نے ”فرینڈ ریکوسٹ“ سے پریشان افراد کی مشکل آسان بنا دی

05:34 PM, 29 Mar, 2018

کیلی فورنیا: سماجی رابطوں کی ویب سائٹ فیس بک نے اپنے صارفین کی بڑی مشکل آسان کر دی۔ فیس بک انتظامیہ کی جانب سے فرینڈ ریکوسٹ سے پریشان افراد کیلئے نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق فیس بک انتظامیہ ان دنوں ایک نئے فیچر پر کام کررہی ہے جو فیس بک پر دوستی کے پیغامات بھیجنے سے متعلق ہے۔فیس بک استعمال کرنے والے تقریباً تمام لوگ یہ بات جانتے ہیں کہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک وقت میں ہزاروں کی تعداد میں دوستی کے پیغامات بھیجے جاسکتے ہیں اور صارفین ایک وقت میں 5000 افراد کو اپنی فرینڈ لسٹ میں شامل کرسکتے ہیں۔ البتہ اگر فیس بک پر دوستوں کی تعداد 5000 سے تجاوز کرجائےتو صارف مزید دوستوں کو اپنی لسٹ میں شامل نہیں کرسکتے جس کی وجہ سے انہیں اپنی لسٹ میں شامل دوستوں کو فرینڈ لسٹ سے ہٹانا یا”ان فرینڈ“کرنا پڑتا ہے۔
فیس بک انتظامیہ نے صارفین کی اس مشکل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک نیا فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت اگر کوئی صارف، کسی شخص کی جانب سے بھیجی جانے والی دوستی کی درخواست (فرینڈ ریکویسٹ) کا پیغام 14 دن تک قبول نہ کرے تو اس کا نوٹیفکیشن خودبخود ختم ہوجائے گا۔فیس بک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس فیچر سے ان تمام صارفین کیلئے سہولت پیدا ہوجائے گی جو فیس بک پر بڑی تعداد میں موصول ہونے والی دوستی کی درخواستوں سے پریشان رہتے ہیں۔

ویب سائٹ ٹیک کرنچ کی جانب سے شیئر کیے گئے ایک اسکرین شاٹ میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ فیس بک پر فرینڈ ریکویسٹ موصول ہوتے وقت اوپر ایک پیغام درج ہے جس میں واضح طور پر لکھا ہے کہ آپ کو بھیجی گئی دوستی کی درخواست 14 دن میں خودبخود ختم ہوجائے گی۔واضح رہے کہ فیس بک کا یہ نیا فیچر ابھی جانچ کے مرحلے میں ہے لہذا عام صارفین کی پہنچ سے دور ہے۔ بعد ازاں اس فیچر کو پاکستان سمیت دنیا بھر کے صارفین کیلئے متعارف کرادیا جائے گا۔

مزیدخبریں