ڈاکٹر امجد ثاقب کو 31 ویں کامن ویلتھ پوائنٹ آف لائٹ اعزاز سے نوازا دیا گیا

02:21 PM, 29 Mar, 2018

اسلام آباد: پاکستانی رضاکار ڈاکٹر امجد ثاقب کو ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی جانب سے 31 ویں کامن ویلتھ پوائنٹ آف لائٹ اعزاز سے نوازا گیا۔ یہ ایوارڈ انہیں پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے پیش کیا۔ برطانوی ہائی کمیشن کے اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر امجد ثاقب کو ہائی کمشنر تھامس ڈریو نے ملکہ برطانیہ کا دستخط شدہ سرٹیفیکیٹ پیش کیا۔

اس موقع پر برطانوی ہائی کمشنر کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر امجد نے غربت جیسے مسئلے سے نمٹنے کے لیے جو کام کیا اس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی آئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق ڈاکٹر امجد کی تنظیم ’اخوت‘ غریب افراد کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے بلا سود قرضے دیتی ہے۔ ڈاکٹر امجد نے ’اخوت‘ کا آغاز 17 برس قبل 2001 میں کیا تھا جس کی اب 350 شہروں میں 700 شاخیں ہیں۔ ان کی تنظیم نے 6 لاکھ افراد کو قرض فراہم کر کے خود مختار بنایا ہے اور وہ اب بھی سماجی خدمات کے لیے کوشاں ہیں۔

اخوت' پاکستان میں تعلیم کے شعبے میں بھی خدمات انجام دے رہی ہے اس تنظیم نے 2015 میں ’اخوت کالج‘ کا افتتاح کیا جہاں فیس ادا کرنے کی سکت نہ رکھنے والے طلبہ کے لیے رعایت اور ان کے لیے رہائش کا بھی انتظام ہے۔ رواں برس ماہ نومبر میں ’اخوت یونیورسٹی‘ کا بھی افتتاح کیا جائے گا جہاں 600 طلبہ کو اعلیٰ تعلیم فراہم کی جائے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں