امریکی معاون نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز پاکستان پہنچ گئیں

09:09 AM, 29 Mar, 2018

اسلام آباد: امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جنوبی ایشیاء اور وسطی ایشیاء کے لیے پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری ایلس ویلز سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایلس ویلز دورہ پاکستان کے دوران وزرات خارجہ کے حکام اور دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گی جن کے دوران پاک-امریکا تعلقات، افغانستان، خطے اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ایلس ویلز اس سے قبل رواں سال جنوری میں بھی پاکستان کا دورہ کر چکی ہیں۔

امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بھی ایلس ویلز کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا گیا کہ اس دوران جنوبی ایشیاء کی حکمت عملی، دہشت گرد گروپوں کے خاتمے کے لیے پاکستان کے عزم اور دونوں ملکوں کے مابین باہمی معاشی اور تجارتی روابط قائم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہو گی۔

بیان میں اس حوالے سے کوئی وضاحت نہیں کی گئی کہ ایلس ویلز پاکستان میں کتنے دن قیام کریں گی تاہم یہ ضرور بتایا گیا کہ وہ کراچی کا دورہ کریں گی جہاں ان کی سینئر حکومتی عہدیداروں اور تاجر برادری سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق ایلس ویلز کا دورہ رواں برس کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے کی گئی دھمکی آمیز ٹوئیٹ کے بعد پاک-امریکا تعلقات میں آنے والے تناؤ کے حوالے سے بھی اہمیت کا حامل ہے۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں