لاہور: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پنجاب میں اس بار آر او الیکشن نہیں ہونے دیں گے، جیالوں کے جذبے سے (ن) لیگ کو چت کردیں گے۔
لاہور میں پارٹی رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مشرف کو باہر بھیج کر میں نے شریفوں کو شیر بنایا ہے۔ آصف زرداری نے کہا کہ میں اب میدان میں نکل چکا ہوں اور جیالوں کے جذبے سے (ن) لیگ کو شکست فاش دوں گا۔پنجاب میں گاؤں گاؤں جاؤں گا اور جیالوں کے گھروں میں ان کے ساتھ کھانا کھاؤں گا، کارکن میری اور میں کارکنوں کی طاقت ہوں۔بلاول بھٹو کی جوانی اور میرا تجربہ پارٹی کی جیت کادروازہ کھول دے گی ۔
آصف زرداری نے کہا کہ جب میں صدر بنا تو کچھ لوگ چاہتے تھے کہ میں وزیراعظم بنوں لیکن میں صدر مشرف کو گھر بھیجنے کے لیے بنا تھا۔صدر اس لیے بنا تھا کہ مشرف کو گھر بھیجنا تھا، نواز شریف کو جمہوریت کی سمجھ نہیں ہے، جمہوریت میں انتقام نہیں ہوتا۔انہوں نے سیاسی کارکنوں پر گولیاں چلائیں اور لوگوں کا جینا اجیرن کر دیا۔(ن) لیگ نے بد ترین حکمرانی کی ہے اور غریب پس کردہ گئے ہیں۔
سابق صدر نے کہا کہ نواز شریف نے وفاقی وسائل ایک چھوٹے سے علاقے پر لگا دیئے ہم نے وفاق کو مضبوط کیا جبکہ نواز شریف نے کمزور کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے مشرف کو باہر بھیج کر میں نے شریفوں کو شیر بنایا ہے۔