اسلام آباد: وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہاہے کہ عمران خان ایک فسادی اور انتشاری سوچ کے حامل شخص ہیں اور انہوں نے اپنے کارکنان اور ساتھیوں کو بھی بد تہذیبی سکھائی۔ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کی رہائش گاہ پر علیم خان اور صحافیوں کے درمیان پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے.
مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایسے واقعات کے ذمہ دار خود عمران خان ہیں، وہ ایک فسادی اور انتشاری سوچ کے حامل شخص ہیں، انہوں نے ساڑھے تین سال فسادی اور منفی سیاست کا سہارا لیا جب کہ اپنے کارکنان اور ساتھیوں کو بھی بد تہذیبی سکھائی، ماضی میں بھی میڈیا ان کی جانب سے بدسلوکی کا شکار ہوا لہذا عمران خان صحافیوں سے بد تمیزی کے واقعے پر معافی مانگیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کے قبضہ گروپ سے سوال پر میڈیا نمائندوں کی تضحیک افسوسناک ہے، قبضہ مافیا کے سوال پر جواب کی بجائے طیش کھانا سراسر غلط ہے، زمینوں پر قبضے کا جواب دیں جب چوری نہیں کی تو تلاشی دینے سے کیوں گھبراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب عمران خان سے سوال کیا جائے تو وہ اداروں کی تضحیک اور رونا شروع کردیتے ہیں۔
وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک مرتبہ پھر توہین عدالت کے مرتکب ہوئے ہیں، انہوں نے آج پھر عدلیہ کو متنازع بنانے کی مذموم کوشش کی۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ مزید ڈیڑھ سال ان کی قسمت میں رونا ہے اور 2018 میں رونے سے کام نہیں چلے گا بلکہ عوام کو جواب دینا ہوگا، قوم منتظر ہے کہ کبھی آپ خیبرپختونخوا کے لوگوں کے لیے کسی پروجیکٹ پر بھی پریس کانفرنس کریں.