کراچی: گھر کی خوبصورتی قالین یا غالیچے کے بغیر ناممکن دکھائی دیتی ہے اور اگریہ کارپٹ گندا ہوجائے تو گھر کی خوبصورتی بھی ماند پڑجاتی ہے تاہم اگرچند آسان طریقوں کو اپنایا جائے تو آپ کے گھر کے قالین اورغالیچے ہمیشہ نئے جیسے دکھیں گے۔
1۔ باقائدگی سے ویکیوم کریں:
اگرآپ چاہتے ہیں کہ آپ کے گھر کے قالین اورغالیچے صاف ستھرے رہیں تو باقائدگی سے ویکیوم کریں جب کہ خاص طور پراس جگہ پر ویکیوم کریں جہاں دھول مٹی سمیت کھانے کے ذرات چپکے ہوں کیوں کہ ان جیسی متعدد چیزیں آپ کے قالین اورغالیچے کو گندا کردیتی ہیں۔
2۔ قالین اورغالیچے کو جھاڑیئے:
گھر میں موجود قالین یا غالیچے کو مہینے میں ایک مرتبہ ضرور جھاڑیئے تاکہ اس میں موجود دھول اورگرد وغبار نکل جائے اورآپ کا قالین نیا نیا سا لگے جب کہ قالین لیتے وقت یہ بھی کوشش کریں کہ آپ چھوٹے سائزکے قالین لیں تاکہ آپ کو جھاڑنے میں آسانی رہے۔
3. داغ لگنے پر قالین یا غالیچے کو نہ رگڑیں: اکثراوقات کھانا کھاتے ہوئے بچے اور بڑے دونوں ہی کچھ نہ کچھ گراتے ہی دیتے ہیں جس سے قالین پرداغ لگ جاتے ہیں، اگر ایسا آپ کے ساتھ بھی ہو تو آپ اس داغ سے چھٹکارا پانے کے لیے اسے رگڑیں نہیں بلکہ بیکنگ سوڈا یا سرکے کی مدد سے داغ کو صاف کریں کیونکہ رگڑنے سے داغ تو صاف ہوجاتا ہے لیکن وہ کوئی نہ کوئی نشان چھوڑجاتا ہے جس سے آپ کے قالین یا غالیچے کی خوبصورتی بھی مانند پڑ جاتی ہے۔
4. سال میں ایک بارقالین یا غالیچے کو دھلوایئے: قالین اورغالیچے کو بالکل نیا جیسا رکھنا ہے تو سال میں کم ازکم انہیں خود دھونے کے بجائے قالین دھونے والوں سے دھلوایئے جس کی مدد سے آپ کے کارپیٹ کی چمک بر قرار رہتی ہے۔
5. قالین یا غالیچے پراسپرے کیجیئے: آپ اپنے قالین یا غالیچے کو صاف ستھرا اور چمکداررکھنے کے لیے مارکیٹ میں دستیاب مختلف قسم کے اسپرے استعمال کر سکتے ہیں جو اس میں بس جانے والی بو کو بھی خوشبو میں بدل دیتے ہیں بلکہ ہفتے میں 2 بار اس اسپرے کی مدد سے قالین اور غالیچے کی چمک بالکل نئے جیسی بھی رہے گی۔