نیو یارک:جان سینا اس وقت ڈبلیو ڈبلیو ای کے سب سے مقبول ریسلر ہیں جو کہ 16 بار چیمپئن بننے کا رک فلیئر کا برسوں پرانا ریکارڈ بھی برابر کرچکے ہیں۔ان کامیابیوں کے بعد اب جان سینا اپنی ذاتی زندگی میں بھی ایک خوشگوار تبدیلی لانے کا سوچ رہے ہیں اور دوسری شادی پر غور کررہے ہیں۔جان سینا نے گزشتہ روز اپنے ایک ٹوئیٹ پیغام میں لکھا ' آج ایک حیران کن خبر یا اعلان سامنے آسکتا ہے'۔
ویسے تو انہوں نے اس کی کوئی وضاحت نہیں کی تاہم وہ ہاتھوں میں پھول تھامے کھڑے نظر آئے اور ایسا کہا جارہا ہے کہ سولہ بار کے ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپئن نکی بیلا کو ریسل مینیا 33 میں دی میز اور ان کی اہلیہ کے ساتھ مکسڈ ڈبل میچ کے بعد شادی کی پیشکش کرسکتے ہیں۔
ایک ٹی وی شو کے دوران جب جان سینا سے اس بارے میں سوال پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا ' پہلی ٹپ تو یہ ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای پر کوئی شرط کبھی نہ لگائیں، اور اس بارے میں فی الحال یہی کہنا چاہتا ہوں'۔
ماضی میں جان سینا نکی بیلا سے شادی نہ کرنے کی خواہش کا اظہار ٹی وی پروگرامز میں کرچکے ہیں جس کی وجہ ان کی 2009 میں ناکام شادی ہے۔جان سینا کا ایک حالیہ انٹرویو میں کنا تھا ' وہ میری زندگی کی محبت ہے اور میں ان کے لیے کچھ بہت زیادہ خاص کرنے والا ہوں جس کی وہ حقدار بھی ہے'۔