تمام سول اور ملٹری ایجنسیوں کو اعلی، ماتحت عدلیہ کے ججز اور ان کے عملے   سے رابطہ کرنے سے روکا جائے:  لاہور ہائیکورٹ

01:20 PM, 29 Jun, 2024

لاہور: لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے انسداد دہشت گردی عدالت کے جج کیساتھ ناخوش گوار واقعہ کے معاملے پر عبوری تحریری فیصلہ جاری کیا ہے.

چار صفحات پر فیصلے میں عدالت نےحکم دیا کہ وزیر اعظم آفس سے  یہ ہدایت جاری کی جائیں کہ آئی بی، آئی ایس آئی سمیت تمام سول اور ملٹری ایجنسیوں کو اعلی اور ماتحت عدلیہ کے ججز اور ان کے عملے   سے رابطہ نہیں کریں گے.

عدالت نےآئی جی پولیس پنجاب کو ان کے  ماتحت افسروں کو عدلیہ میں مداخلت سے روک دیا ہے. عدالت نے پولیس کو حکم دیا کہ انسداد دہشت گردی عدالتوں کی سیکیورٹی کے  اگر کوئی حفاظتی اقدامات کرنے ہیں تو متعلقہ جج سے مشاورت اور اتفاق رائے کے بغیر نہیں کیے جائیں گے.

عدالت نے ہدایت کی کہ پنجاب کی انسداد دہشت گردی  کی خصوصی عدالتیں 9 مئی کےتمام مقدمات پر ترجیحی بنیادوں پر فیصلہ کریں.

عدالت نے حکم دیا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج سرگودھا کے معاملہ پر عدالتی عملہ تفتیش میں مکمل تعاون کرے اور  تفتیش کی وڈیو ریکارڈ کرکے ہائیکورٹ کو فراہم کی جائے. عدالت نے عمل درآمد رپورٹ 08 جولائی تک داخل کرانے بھی حکم دیا.

مزیدخبریں