کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رہنما فروغ نسیم کا ججز کو پلاٹ دینے کے خلاف فیصلے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کے الزامات پر ردعمل سامنے آگیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سابق وزیرقانون فروغ نسیم کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف والوں کو جھوٹ بولنے کی عادت ہے ججوں کے پلاٹس سے متعلق اگر کابینہ کا کوئی فیصلہ ہے تو فواد چوہدری دکھا دیں ۔
نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے فروغ نسیم نے کہا کہ ججوں کے پلاٹس ، پنشن اور لاپتا افراد سے متعلق فواد چوہدری اور شیریں مزاری غلط بیانی سے کام لے رہے ہیں ان کی باتیں درست نہیں ہیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کوئی ایسا کابینہ کا فیصلہ دکھا دیں کہ جس میں یہ کہا گیا ہو کہ ججز کو پلاٹ نہیں دینا اور میں نے وہ فیصلہ روک دیا ۔ ایسا کوئی کابینہ کا فیصلہ نہیں کہ ججز کی پنشن کم کر دیں ۔ پنشن تو صدارتی حکم کے تحت مل رہی ہے اُسے صدر عارف علوی سے ختم کروادیں ۔
ان کا کہنا تھا کہ جسٹس فائز عیسیٰ سے متعلق ریفرنس دائر کرنے کا عمران خان نے کہا تھا ، وہ اس موضوع سے متعلق مزید بات نہیں کرنا چاہتے ، سب کے مفاد میں ہے کہ جسٹس فائز عیسیٰ ریفرنس پر بات نہ کریں ۔
یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ روز فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ ہماری حکو مت میں کابینہ نے ججز کو پلاٹ دینے کے خلاف فیصلہ کیا تھا لیکن فروغ نسیم نے اس پر عملدرآمد سے انکار کردیا تھا ۔
سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے الزام لگایا تھا کہ فروغ نسیم نے کابینہ کے فیصلہ پر عملدرآمد روکتے ہوئے کہا تھا کہ میں نے ہر روز عدالت میں پیش ہونا ہوتا ہے ، میں ججز کا سامنا کیسے کروں گا ؟
واضح رہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت میں فروغ نسیم نے وزیر قانون کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں ۔